لندن (جنگ نیوز) جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل جیت کر ٹیم پر لگا چوکرز کا ٹیگ اتار پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں ۔جنوبی افریقہ اب تک صرف ایک آئی سی سی ٹائٹل جیت پائی ہے، اس نے 1998 میں آئی سی سی ناک آؤٹ ٹورنامنٹ جیتا تھا جبکہ متعدد مواقع پر وہ ٹرافی کے نہایت قریب پہنچ کر ناکام ہو گیا۔ دوسری جانب آسٹریلیا 2023 میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے کے علاوہ چھ مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ، دو بار چیمپئنز ٹرافی اور ایک بار ٹی 20 ورلڈ کپ اپنے نام کرچکی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق باووما نے لارڈز میں بدھ سے شروع ہونے والے فائنل سے قبل کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ انہیں کیا کرنا ہے۔ تاہم 35 سالہ باووما پرعزم ہیں کہ ان کی ٹیم کینگروز سے مرعوب نہیں ہوگی۔ ہمارے لیے اصل چیز اپنی صلاحیت پر اعتماد ہے۔ ہمیں یہ موقع تحفے میں نہیں ملا، ہم نے کارکردگی کی بنیاد پر یہ مقام حاصل کیا ہے۔ ہمارے نزدیک جیت کے امکانات برابر ہیں،50-50۔