لاہور(خبرنگار) بنگلہ دیش کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور دیگر سٹاف پر مشتمل وفدنے پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا ،اس موقع پر وفود کے تبادلے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے معاہدے کئے گئے۔ وائس چانسلرڈاکٹر محمد علی نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ بنگلہ دیشی وفدمیں ڈاکٹر عبدالحنان چوہدری، وائس چانسلر ڈیفوڈل انٹرنیشنل یونیورسٹی ڈاکٹر ایم ڈی لطف الرحمن، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایشیا پیسفک ڈاکٹر قمرالاحسن، ڈاکٹر محمد علی آزادی و دیگرشامل تھے۔ بنگلہ دیشی وفد کے شرکاء نے کہا کہ سا بق بنگلہ دیشی حکومت نے ہمیں پاکستانی جامعات سے روابط رکھنے کی اجازت نہیں دی۔ ڈاکٹر عبدالحنان چوہدری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ہماری نئی نسل پاکستان کے بارے میں جانے ۔وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ دوبارہ ملاپ شروع کر رہے ہیں بعد ازاں شرکاء کے مابین سووینئرز کا تبادلہ کیا گیا۔وفد نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کا بھی دورہ کیا۔ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ۔