• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسافر ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ سفر کرنیوالے 89مسافر پکڑے گئے بھاری جرمانہ وصول

لاہور ( جنرل رپورٹر )پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن کی مختلف مسافر ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کےخلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز مختلف ٹرینوں کے دوران چھاپوں میں ڈی سی او گروپ نے 89مسافروں کو ٹکٹ کے بغیر سفر کرتے پکڑ کر ان سے مجموعی طورپر ایک لاکھ تین ہزار سے زائد کرایہ اور جرمانہ وصول کرلیا ذرائع کے مطابق مختلف اہم ریل گاڑیوں علامہ اقبال ایکسپریس (9-اپ & 10-ڈاؤن)، تیزگام ایکسپریس (7-اپ 8-ڈاؤن)، جعفر ایکسپریس (40-ڈاؤن) اور موسیپاک ایکسپریس (115-اپ)پر چھاپوں کے دوران ڈی سی او گروپ نے ان ٹرینوں میں چیکنگ کے دوران 89 مسافر بغیر ٹکٹ سفر کرتے ہوئے پکڑ کر ان سے ریلوے قوانین کے مطابق کرایہ بمعہ جرمانہ کی مد میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 3 ہزار 30 روپے وصول کیے گئے، جو فوری طور پر قومی خزانے میں جمع کرا دیے گئے۔پاکستان ریلوے بغیر ٹکٹ سفر کی روک تھام کے لیے اپنی کارروائیاں مزید مؤثر بنا رہا ہے تاکہ عوام الناس کو محفوظ، معیاری اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
لاہور سے مزید