لاہور(خبرنگار)پاکستان ملی لیبر فیڈریشن نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کو شدید تشویش کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام خطے میں کشیدگی کو بڑھانے اور عالمی امن کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ امریکہ نے اسرائیل کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی روک تھام کے بجائے خود محاذ آرائی کا راستہ اختیار کیا، جو کہ افسوسناک اور خطرناک پیش رفت ہے۔صدر میاں غلام مصطفی اور جنر ل سیکرٹری رانا جبران نے کہا کہ امریکی جارحیت نے ثابت کر دیا ہے کہ امریکہ کی پالیسیاں مکمل طور پر اسرائیلی مفادات کے تابع ہیں، اور عالمی برادری کی خاموشی بھی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں جنگ کی آگ بھڑکانے والے اس عمل سے لاکھوں بے گناہ جانوں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے اور عالمی اقتصادی و سیاسی استحکام بھی متاثر ہوگا۔انہوں نے حکومت پاکستان کی طرف سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو "عالمی امن ایوارڈ" کے لیے نامزد کرنے کو غیر موزوں اور ناقابل فہم فیصلہ قرار دیا اور کہا کہ عالمی امن کی دعویداری کے بجائے جنگی پالیسیوں کو فروغ دینے والے کردار کو سراہنا ہماری خارجہ پالیسی کی سنجیدگی پر سوال اٹھاتا ہے۔پاکستان ملی لیبر فیڈریشن نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کی حکومت ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے امریکہ پر بھروسہ کرنے کی غلطی دوبارہ نہ دہرائے۔ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان تمام مسلم ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرے اور مسلم ا ±مہ کو درپیش چیلنجز کا مشترکہ حل نکالے۔ مسلم دنیا کو اپنے وسائل، دفاع اور پالیسیوں پر خود انحصاری کی بنیاد پر آگے بڑھنا ہو گا۔