فرانس میں میوزک فیسٹیول کے دوران سوئی چبھونے کے واقعات میں 145 افراد متاثر ہوگئے، واقعات میں ملوث 12 کو گرفتار کرلیا گیا۔
فرانس میں ہونے والے اسٹریٹ میوزک فیسٹیول فیٹ دی لا میوزیک کے دوران 145 افراد پر سرنج حملوں کی خوفناک اطلاعات سامنے آئی ہیں، وزارت داخلہ کے مطابق ان حملوں میں ملوث 12 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ متاثرین کی طبی جانچ جاری ہے۔
پولیس اور وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں متاثرہ افراد کو بازو، ٹانگ یا جسم کے دیگر حصوں میں سرنج چبھوئی گئی، جس کے بعد انہیں چکر، بےہوشی یا کمزوری جیسی علامات کا سامنا کرنا پڑا، تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملوں میں نشہ آور دوائیں استعمال کی گئی ہیں یا نہیں۔
وزارت داخلہ کی ترجمان نے سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس معاملے کو نہایت سنجیدگی سے لے رہے ہیں، متاثرین کے ٹاکسیولوجی ٹیسٹ جاری ہیں اور تحقیقات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔
پیرس پولیس کے مطابق شہر میں کم از کم 13 افراد کو سوئی چبھوئی گئی، 15 سالہ لڑکی اور 18 سالہ نوجوان سمیت 3 افراد نے علیحدہ علیحدہ واقعات میں جسمانی بے چینی اور کمزوری کی شکایت کی۔
فیسٹیول سے قبل فیمینسٹ انفلوئنسرز نے خبردار کیا تھا کہ سوشل میڈیا پر خواتین کو نشانہ بنانے کی اپیلیں گردش کر رہی تھیں۔
پیرس پولیس چیف نے فرانسیسی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں کہا کہ یہ نہایت سنگین واقعات ہیں اور خواتین کو نشانہ بنانے کی آن لائن مہم ایک احمقانہ اور خطرناک عمل ہے۔
میوزک فیسٹیول کے دوران پورے فرانس میں 371 افراد کو مختلف واقعات پر گرفتار کیا گیا، جس میں سے 90 گرفتاریاں صرف پیرس میں ہوئیں۔
فیٹ دی لا میوزیک فرانس کا سالانہ میوزک فیسٹیول ہے جس میں ملک بھر سے لاکھوں افراد سڑکوں پر جمع ہوتے ہیں۔
پیرس پولیس کے مطابق اس بار شہر میں معمول سے 3 سے 4 گنا زیادہ ہجوم دیکھنے میں آیا تھا۔