فلسطینی وزارتِ خارجہ نے اقوامِ متحدہ کی رپورٹ کا خیر مقدم کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینی بچوں کو دانستہ نشانہ بنانے پر عالمی برادری اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائے۔
اپنے بیان میں فلسطینی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ رپورٹ میں موجود قانونی شواہد نے فلسطینی بچوں کے خلاف اسرائیلی افواج اور آباد کار ملیشیاؤں کے جرائم کی سنگینی کو بے نقاب کر دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز اور قابضین روز فلسطینی بچوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
فلسطینی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ فلسطینی بچوں کو اسرائیلی فورسز جائز ہدف سمجھتے ہوئے جان بوجھ کر قتل، بھوک، جبری بے دخلی، من مانی گرفتاری، تشدد، جنسی تشدد اور صحت و تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم کر رہی ہیں۔
فلسطینی وزارتِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی رپورٹ ناصرف ان جرائم کی دستاویز ہے بلکہ یہ اس حقیقت کی بھی عکاس ہے کہ عالمی برادری اب تک ان خلاف ورزیوں کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔