فرانس میں شدید گرمی کی لہر کے دوران 2 کمسن بہن بھائی گاڑی میں گھنٹوں بند رہنے اور دم گھٹنے کے سبب جان کی بازی ہار گئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ جنوبی فرانسیسی علاقے ووکلیوز میں پیش آیا جہاں 4 سالہ بچی اور 2 سالہ بچہ 1 گاڑی میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
پولیس کے مطابق 33 سالہ ماں خریداری کے دوران اپنے بچوں کو گاڑی میں ہی بھول گئی تھی جس کے باعث بچے کئی گھنٹے گاڑی میں بند رہے۔
امدادی اہلکاروں کو دوپہر 1 بج کر 20 منٹ پر اطلاع ملی تاہم بر وقت پہنچنے کے باوجود دونوں بچوں کی جان نہ بچائی جا سکی۔
رپورٹس کے مطابق پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور بچوں کے پوسٹ مارٹم کا حکم دے دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بند گاڑی کے اندر درجۂ حرارت 70 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، شدید گرمی بچوں کی ہلاکت کی بنیادی وجہ معلوم ہوتی ہے، واقعے کے بعد ماں کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
واضح رہے کہ فرانس میں جاری شدید گرمی کی لہر کے باعث متعدد علاقوں میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے اور سیکڑوں تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔