پرو لیگ میں پاکستان کو مدعو کرنے کے معاملے پر ایف آئی ایچ کے ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرو لیگ کے لیے متبادل ٹیم کو مدعو کرنے کے مرحلے پر ابھی پہنچے ہی نہیں۔
جیو سے گفتگو کرتے ہوئے ایف آئی ایچ کے سینئر منیجر کمیونیکیشن نکولز مینگوٹ نے کہا قوانین کے مطابق نیشنز کپ کے فاتح کو پرو لیگ کھیلنے کا موقع دیا جاتا ہے۔
ترجمان ایف آئی ایچ کا کہنا تھا کہ اگر نیشنز کپ کی فاتح ٹیم شرکت سے انکار کرتی ہے تو رنر آپ کو مدعو کیا جاتا ہے، اب تک نیوزی لینڈ نے اس معاملے پر ایف آئی ایچ کو کوئی اپ ڈیٹ فراہم نہیں کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی ٹیم کو پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے لیے دعوت دی ہے۔
نیشنز کپ کی فاتح نیوزی لینڈ نے پرو ہاکی لیگ میں شرکت سے معذرت کر لی جس کے بعد ایف آئی ایچ نے پاکستان ٹیم کو مدعو کیا ہے۔