• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرسٹیانو رونالڈو النصر کلب کیساتھ ہوئے نئے معاہدے کے تحت کتنی تنخواہ و مراعات لیں گے؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے سعودی عرب کے النصر کلب کے ساتھ ہوئے نئے معاہدے کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس نئے معاہدے کے تحت کرسٹیانو رونالڈو کو سالانہ 178 ملین پاؤنڈز دیے جائیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کو پہلے سال میں 24.5 ملین پاؤنڈز بطور سائننگ بونس دیے جائیں گے جو دوسرے سال بڑھ کر 38 ملین پاؤنڈز ہو جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق اگر النصر کلب سعودی پرو لیگ جیتنے میں کامیاب ہوتا ہے تو کرسٹیانو رونالڈو کو 8 ملین پاؤنڈز کا بونس دیا جائے گا اور ایشیائی چیمپئنز لیگ جیتنے پر مزید 6.5 ملین پاؤنڈز کی رقم ادا کی جائے گی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اگر پرتگالی فٹبالر گولڈن بوٹ یعنی سب سے زیادہ گولز کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرتے ہیں تو انہیں 4 ملین پاؤنڈز کا انعام ملے گا۔ 

رپورٹ کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کو ہر گول پر 80 ہزار پاؤنڈز اور ہر اسسٹ پر بھی 40 ہزار پاؤنڈز دیے جائیں گے جس میں دوسرے سال 20 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس معاہدے میں پرتگالی فٹبالر کو کلب کی 15 فیصد ملکیت بھی دی گئی ہے جس کا تخمینہ 33 ملین پاؤنڈز ہے اور اُنہیں 60 ملین یوروز کی اسپانسرشپ ڈیلز کی ضمانت بھی دی گئی ہے جبکہ ان کے نجی طیارے کے سالانہ 4 ملین یوروز کے اخراجات بھی کلب برداشت کرے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید