کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا ہےکہ مودی اور ان کےساتھیوں نے بھارتی عوام کو بری طرح مایوس کیا ، تذلیل اتنی ہوگئی ہے کہ انڈین ملٹری بھی اس کو اون نہیں کر رہی ہے اور سیاسی لیڈر شپ پر ڈال رہی ہے۔
میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج تسلیم کر رہی ہے کہ پاکستان سے جنگ میں بھارت کو فائٹر جیٹ کا نقصان اٹھانا پڑا تھا لیکن تعداد اب بھی چھپائی جارہی ہے جیسے جیسے وہاں ان باتوں کی قبولیت بڑھ رہی ہے مودی پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے۔
سابق مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا کہ انڈونیشیا میں دیئے گئے بیان کی دھوم مچی ہوئی ہے مسٹر مودی اور ان کے تین چار قریبی ساتھیوں نے انڈیا کے ملٹری سسٹم کو انڈیا کو اور انڈین عوام کو بری طرح سے لیڈ ڈاؤن کیا ہے اور بلیم گیم شروع ہوچکا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ان کو انہی سوالوں کا سامنا ہے اور تذلیل اتنی ہوگئی ہے کہ انڈین ملٹری بھی اس کو اون نہیں کر رہی ہے اور سیاسی لیڈر شپ پر ڈال رہی ہے۔
وہ کہنا یہ چاہتے ہیں کہ ہم تو بہت اچھے تھے اچھی طرح جنگ لڑسکتے تھے لیکن ہماری سیاسی لیڈر شپ نے ہمیں روک دیا اگر آپ اتنے ہی اچھے تھے تو چھ سات مئی کی رات کو جو آپ کے ساتھ ہوا اور جب ہم نے حملے کا آغاز کیا تو آپ لوگ اپنی جگہوں سے بھی پیچھے چلے گئے تھے ہمارے ساتھ انڈیا پورا کھلا میدان پڑا ہوا تھا۔