لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) صوبائی وزیر برائے لیبر و افرادی قوت پنجاب، ملک فیصل ایوب کھوکھر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی قیادت میں محنت کشوں سے کیا گیا وعدہ پورا ہو چکا ہے۔ پنجاب بھر میں محنت کش خاندانوں کے لیے ایک انقلابی ریلیف پیکج کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت 12 لاکھ مستحق خاندانوں کو راشن کارڈ کے ذریعے ماہانہ 3 ہزار روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔وزیر لیبر نے کہا کہ "مریم نواز راشن کارڈ کی بدولت ہر گھر میں راشن پہنچے گا۔ یہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا فلاحی اقدام ہے جس سے براہ راست محنت کش طبقہ مستفید ہوگا جبکہ اس منصوبے کا باقاعدہ آغاز ڈسٹرکٹ وائز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں بہاولپور، مظفرگڑھ، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی، قصور اور لاہور سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں۔