آئی فون 17 پرو میکس میں ایپل کی تاریخ کی سب سے بڑی بیٹری شامل ہونے کا امکان ہے۔
ٹیکنالوجی کی دنیا کی سب سے بڑی لانچز میں سے ایک، ایپل کا آئی فون 17 سیریز رواں سال ستمبر 2025 میں متعارف کرائے جانے کی توقع ہے۔ لیکس کے مطابق ایپل اپنے نئے ماڈلز میں آئی فون 17 ایئر، آئی فون 17، آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرو میکس شامل کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی فون 17 پرو میکس میں 5,000 mAh کی طاقتور بیٹری شامل ہو سکتی ہے جو اب تک کسی بھی آئی فون میں دی جانے والی سب سے بڑی بیٹری ہو گی، یہ بیٹری پچھلے ماڈل آئی فون 16 پرو میکس کی بیٹری سے نمایاں طور پر بڑی ہوگی۔
آئی فون 17 پرو میکس کی موٹائی 8.725 ملی میٹر بتائی گئی ہے، جو پچھلے ماڈل کی 8.25 ملی میٹر سے قدرے زیادہ ہے، اگرچہ یہ تبدیلی معمولی لگتی ہے، لیکن یہ اضافی جگہ بڑی بیٹری کے لیے راستہ ہموار کر سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ فون ایک بار چارج کرنے پر 35 گھنٹے تک کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔
آئی فون 17 پرو اور پرو میکس میں نئے کیمرہ کی توقع ہے، تاہم لینسز کی ترتیب ویسی ہی رکھی جائے گی۔
آئی فون ایئر 17 ایپل کا سب سے پتلا آئی فون ہو سکتا ہے، جس میں ایک ہی 48MP رئیر کیمرہ اور دائیں طرف فلیش ہوگا۔
اسٹینڈرڈ آئی فون 17 کا ڈیزائن آئی فون 16 سے مشابہ ہوگا لیکن اسکرین سائز میں بہتری متوقع ہے۔
آئی فون 17 سیریز کے تمام ماڈلز میں 24 میگا پکسل کا نیا فرنٹ کیمرہ شامل کیا جا سکتا ہے، جو آئی فون 16 کے مقابلے میں دوگنا ریزولوشن فراہم کرے گا۔