کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں عمارتوں کا گرنا ،غفلت موجود، ہماری بھی ذمہ داری بنتی ہے،نمائندہ جیو نیوز ذیشان شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلڈر مافیا کا کام کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ ایسی پرانی عمارتوں کی چھتیں لے لیتے ہیں اور اس پر فلور بناتے چلے جاتے ہیں جس پر سنوائی بھی نہیں ہوتی،میزبان محمد جنیدنے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بلڈنگ گرنے کا ایک اور افسوسناک واقعہ میں غفلت لاپرواہی اور بے حسی ستائیس افراد کی جانیں لے گئی۔ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ یقیناًغفلت موجود ہے اور اس میں ہماری بھی بہت ذمہ داری بنتی ہے اور کافی وقت سے اس طرح کے واقعات ہو رہے ہیں اور ہم نے اس پر ایکشن لیا ہے پہلے بھی ہم کوشش کرتے رہے ہیں کہ غیر قانونی کنسٹرکشن کو روکا جائے ۔ ہم نے تقریباً 740 عمارتوں کی نشاندہی کی جس میں 588 کراچی میں ہیں ۔