اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریکِ انصاف پارلیمنٹرینز نے خیبر پختونخوا میں مخصوص نشستوں کے آئینی حق کے حصول کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ جسٹس انعام امین منہاس پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کی جانب سے دائر درخواست کی آج سا عت کریں گے۔ درخواست گزاروں نے الیکشن کمیشن کا 5 اپریل 2024 کا نوٹیفکیشن غیر قانونی اور کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کو ان کے جائز حصے کے مطابق نمائندگی دی جائے۔ پارٹی کا موقف ہے کہ مخصوص نشستوں کی تقسیم میں ان کے ساتھ ناانصافی کی گئی جو نہ صرف آئین بلکہ جمہوری اصولوں کے بھی منافی ہے عدالت اس آئینی و انتخابی خلاف ورزی کا نوٹس لے کر فوری طور پر احکامات جاری کرے۔