• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان یونیورسٹی اورہاسٹل کھول کر امتحانات شیڈول کے مطابق لئے جائیں ، بالاچ قادر

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنا ئز یشن کے چیئرمین بالاچ قادر بلوچ نے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان یونیورسٹی ہاسٹل اور یونیورسٹی کو کھول کر امتحانات مقررہ شیڈول کے مطابق لئے جائیں ، بلوچی ، براہوی اور پشتو کے شعبوں کو ختم کرنے کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند اور مزاحمت کریں گے ۔ نوجوانوں کو سیاسی جدوجہد سے روکنے کیلئے ان کے نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے ۔ یہ بات انہوں نے پریس کانفرنس میں کہی ، اس موقع پر صمند بلوچ ، نذیر بلوچ و دیگر بھی موجود تھے ۔بالاچ قادر بلوچ نے کہا کہ ہماری جدوجہد کا محور تعلیم کا فروغ اور نوجوانوں کو تعلیم کے حصول کیلئے سہولیات فراہم کرنا ہے ۔ جامعہ بلوچستان میں چند روز قبل پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کو بنیاد بناکر تعلیمی سرگرمیوں کی معطلی قابل مذمت ہے ۔ اس واقعہ میں ملوث بی ایس او کے کارکنوں کی رکنیت معطل کردی گئی ہے جبکہ میری سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس سلسلے میں مزید تحقیقات کریگی اگر مزید کارکن ملوث ہوئے تو ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔انہوں نے ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ جھالاوان میڈیکل کالج خضدار کو بجٹ سے نکا لنا افسوسناک ہے ۔ صوبے میں انسانی حقوق کی پامالی کی جارہی ہے ۔