کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام ’’جرگہ‘‘ میں مغوی بچے کی 32 سال بعد والدین سے ملاقات ہوئی جس کے جذباتی مناظر بھی دکھائے گئےـ جبکہ پروگرام کے میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے دو سال کی عمر میں اغوا ہونے والے بچے محمد آصف نے بتایا کہ اس کے دل میں ایک ہی خواہش تھی کہ کب وہ دن آئے گا جب اپنے ماں باپ کو دیکھوں گا۔ بیٹے کو والدین سے ملانے والے سماجی کارکن ولی اللہ معروف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسے کیسز میں متاثرین سے رابطے کیلئے سوشل میڈیا پر ویڈیو بناکر ڈالتے ہیں جس کے نتیجے کامیابی نصیب ہوتی ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ کے آغاز میں سلیم صافی نے کہا کہ آج کا جرگہ میرے لیے خوشی کا لمحہ ہے کیونکہ ایک اغوا شدہ بیٹے کی تقریباً 32 سال بعد اپنے والدین سے ملاقات ہوئی ہے۔ محمد آصف کو 1992 میں اغوا کیا گیا تھا اور والدین مسلسل اس کی تلاش میں رہے۔ ہمارے دفتر میں یہ ملاقات ہوئی جو ایک اعزاز ہے۔ پاکستان میں جہاں برے لوگ موجود ہیں وہیں ایسے گمنام ہیرو بھی ہیں جو بچھڑوں کو ملاتے ہیں اور آج وہی ہیرو ہمارے ساتھ موجود ہیں جن سے بات چیت بھی کی جائے گی۔اغوا کیے گئے محمد آصف کے والدین نے کہا کہ ہم نے اپنے بچے کا نام محمد صدیق رکھا تھا جبکہ اغوا کاروں نے نام بدل کر محمد آصف کردیا یہ بری امام سے اغوا ہوئے تھے ۔ایک دن ایسا نہیں گزرا جب ہم نے اپنے بچے کو یاد نہ کیا ہو ہم اللہ سے صبر مانگتے رہے۔