• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لارڈز ٹیسٹ: شعیب کی فریکچر انگلی سے بھارتی امیدیں چکنا چور

کراچی(اسٹاف رپورٹر) لارڈز میں انگلینڈ نے بھارت کے خلاف تیسرا ٹیسٹ اعصاب شکن مقابلے کے بعد 22 رنز سے جیت کرسیریز میں2-1 کی برتری حاصل کرلی۔ شعیب بشیر نے بائیں ہاتھ کی فریکچر انگلی کے باوجود بولنگ کی اور محمد سراج کو نا قابل یقین انداز میں بولڈ کرکےبھارتی امیدیں چکناچور کردیں۔ پیر کو تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن 193رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں 170رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ آخری دو بیٹرز نے35 اوورز مزاحمت کی۔ رویندرا جڈیجا کی 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی کام نہ آسکی ۔ جڈیجا نے نتیش کمار ریڈی کے ساتھ91 گیندوں پر30 جبکہ جسپریت بمراہ کے سا تھ 132 گیندوں پر35 رنز کی شراکت قائم کی۔ آخری دن انگلش ٹیم کو بین اسٹوکس نے کے ایل راہول کی اہم وکٹ دلوائی۔ انہوں نے 39رنز بنائے۔ پنت کو9 رنز پر آرچر نے بولڈ کیا۔ نتیش کمار ریڈی نے53گیندوں پر13 اور بمراہ نے 54 گیندوں پر پانچ رنز بنائے۔ بین اسٹوکس اور جوفرا آرچر نے تین، تین جبکہ کارس نے دو وکٹ حاصل کئے۔