انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا سالانہ اجلاس 17 سے 20 جولائی تک سنگاپور میں ہو گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں لاس اینجلس اولمپکس 2028ء کےلیے ٹیموں کا کوالیفائی کرنے کا طریقہ کار طے کیا جائے گا، رینکنگ کی بنیاد پر کوالیفائی کرنے کےلیے ایک تاریخ مقرر کرنے کا فیصلہ بھی متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میزبان ہونے کے ناتے امریکا کو براہِ راست کوالیفائی کرنے کی جگہ مل سکتی ہے، ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں ٹیموں کی تعداد 24 کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر ایشیاء کپ کا معاملہ بھی زیرِ بحث آ سکتا ہے، اجلاس میں ٹیسٹ کرکٹ میں ٹو ڈویژن فارمیٹ پر بات چیت کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ کرکٹ بورڈز 13 ممالک پر مشتمل ون ڈے سپر لیگ کی بحالی کے حق میں ہیں، ایگزیکٹیو کی میٹنگ میں پی سی بی کے سی او او سمیر احمد سید کی شرکت کا امکان ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی شرکت کا بھی امکان ہے۔