اسلام آباد( تنویر ہاشمی) زرعی اراضی کو تیزی سے ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں تبدیل کرنےکو فوڈ سکیورٹی کے لیے بڑا خطرہ قرار دے دیا گیا ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے گزشتہ 20 برسوں میں رہائشی سکیموں کی نذر ہونے والی زرعی اراضی کا مکمل ڈیٹا جمع کرنے کی چاروں صوبائی حکومتوں کو ہدایت کر دی تاکہ پالیسی سازی کے لئے جامع معلومات دستیاب ہوں،وفاقی وزیر نے پاکستان میں زرعی زمینوں کی تیزی سے کمی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زرعی زمینوں کو برق رفتاری سے ہاؤسنگ سوسائٹیز میں تبدیل کرنےسے آنے والی نسل کو خوراک کیسے مہیا ہوگی؟ہمیں فوری طور پر اس رجحان کو روکنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ اربن ڈویلپمنٹ کے لئے قانون سازی اور ایک نیشنل فریم ورک ناگزیر ہے۔ وفاق صوبوں کے ساتھ مل کر زرعی زمینوں کے تحفظ اور ماحول دوست شہری ترقی کے لئے جلد پالیسی مرتب کرے گا۔ احسن اقبال کی زیر صدارت زرعی زمینوں کو ہاؤسنگ سوسائٹیز میں تبدیل کرنے سے متعلق اہم اجلاس بدھ کوہوا ۔