کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی درندنگی کے نتیجے میں امداد کے متلاشی 21 افراد سمیت مزید 43 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا نے طبی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ غزہ میں فجر کے بعد سے اب تک کم از کم 43 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 21 افراد وہ بھی شامل ہیں جو امداد کے حصول کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق خان یونس کے جنوبی علاقے میں قائم غزہ ہیومنٹیرین فاؤنڈیشن (جی ایچ ایف) کے امدادی مرکز پر خوراک لینے کیلئے جمع ہونے والے فلسطینیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث بھگدڑ مچنے اور دم گھٹنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔ اس سے قبل، اسرائیلی فوج نے المواسی کے علاقے میں بے گھر افراد کے کیمپ کو نشانہ بنایا ، جس میں 9 فلسطینی شہید ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق جی ایچ ایف نے جنوبی خان یونس میں امدادی مرکز پر پیش آنے والے واقعے کا ذمہ دار حماس سے وابستہ افراد کو قرار دیدیا۔