• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شامی فورسز اور دروز اقلیت میں سیز فائر، دمشق پر اسرائیلی بمباری میں 3 جاں بحق

دمشق (اے ایف پی، جنگ نیوز) شامی فورسز اور دروز اقلیتی گروپ کے درمیان کئی روز سے جاری لڑائی کے بعد السویدا میں سیز فائر ہوگیا، ان جھڑپوں میں300سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں۔شامی حکومت اور مقامی نمائندوں نے جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس کا اطلاق فوری ہوگا جس کیلئے فریقین نے کمیٹی بنادی ہے ۔ جنگ بندی معاہد ے کے تحت السویدا صوبہ مکمل طور پر شامی ریاست کے زیر انتظام ہوگا۔ شام کے دارالحکومت دمشق میں شامی وزارت دفاع اور صدارتی محل کے قریب اسرائیلی طیاروں کی بمباری میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ۔اسرائیلی طیاروں نے دمشق میں شامی فوجی مرکزپربھی بمباری کی ۔ شامی حکومت نے صدارتی محل کے قریب اسرائیلی بمباری کو اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ، ترکیہ اور امارات سمیت دنیا بھر کے ممالک نے شام پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ہے۔نیتن یاہو حکومت کا کہنا ہے کہ وہ دروز شہریوں کی حمایت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔امریکا نے اسرائیلی فورسز پر زور دیا ہے کہ وہ شام پر فضائی حملے بند کریں جبکہ انہوں نے شامی فورسز سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ شورش زدہ علاقے سے پیچھے ہٹ جائیں۔امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ شامی فورسز اور اسرائیلی افواج کے درمیان غلط فہمی جلد دور ہوجائے گی ۔
اہم خبریں سے مزید