لاہور(کر ائم رپو رٹرسے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جہلم میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے دوران فرض کی راہ میں قربان ہونے والے پولیس کانسٹیبل حیدر علی حسین کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ گذشتہ روز جہلم میں شہریوں کو ریسکیو کرنے کے دوران سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے کانسٹیبل کا جسد خاکی مل گیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری پولیس فورس دکھ کی اس گھڑی میں شہید کے اہل خانہ کے ہمراہ ہیں۔ شہید کے اہلخانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور فلاح و بہبود کا بھرپور خیال رکھا جائیگا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کے جوان سیلاب زدہ علاقوں میں اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر متاثرین کو ریسکیو کر رہے ہیں۔ سیلاب متاثرین کو پولیس کی طرف سے عارضی رہائش، کھانا، ادویات اور دیگر ضروریات زندگی بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کے کنٹرول سنٹرز سے سیلاب زدہ علاقوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔