اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے قائد اعظم یونیورسٹی میں سمر سیشن ختم کرنے اور طلباء سے ہاسٹل خالی کرانے سے متعلق وائس چانسلر کے احکامات کے خلاف طلباء کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران طلباء اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عدالتی طلبی پر یونیورسٹی حکام بھی عدالت میں موجود تھے۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے کہاکہ اصول طے تھا سمر سیشن میں بچہ امپروو کرے گا۔ رجسٹرار یونیورسٹی نے کہا کہ لاکھوں روپے کے واجبات ہیں جو ابھی تک ادا نہیں ہوئے، 1138 طلباء غیر قانونی طور پر ہاسٹلز میں رہائش پذیر ہیں، ہم نے اپنی رٹ بحال کرنی ہے، بچے ہر کچھ عرصہ بعد احتجاج شروع کر دیتے ہیں۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ ہاسٹل میں فیس کے چالان منگوائیں، یہ سمر کی فیس لے چکے ہیں۔