• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بنگلادیش سیریز: ٹرافی رونمائی تقریب میں شیخ حسینہ کو ہٹانے کی تحریک کی جھلک

شیخ حسینہ کو ہٹانے کی تحریک کا ذکر پاکستان اور بنگلادیش ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی میں بھی نظر آیا ہے۔

پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ کل کھیلاجائے گا ،دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی۔ ٹرافی کی رونمائی ڈھاکا کے ہوٹل میں کی گئی، سیریز کے تینوں میچز شیرِ بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلے جائیں گے۔

گزشتہ سال شیخ حسینہ واجد کی طرف سے طلبہ تنظیموں اور اپوزیشن پر پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد طلبہ نے وزیراعظم شیخ حسینہ کو ہٹانے کی تحریک شروع کی تھی، 15 جولائی کو طلبہ نے ا س حوالے سے جدوجہد شروع کی تھی جس کے بعد 5 اگست کو شیخ حسینہ ملک چھوڑ کر دہلی فرار ہوگئی تھیں۔

15 جولائی سے 5 اگست تک جاری رہنے والی تحریک میں 1 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد بنگلادیش میں عبوری حکومت قائم کی گئی ہے، طلبہ تحریک کی قیادت کرنیوالے نوجوان آصف محمود کو نوجوان اور کھیلوں کے امور کا مشیر بنایا گیا ہے۔

تاہم شیخ حسینہ کے ملک سے فرار کے بعد اب استحکام آنا شروع ہوگیا ہے اور ملک میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے ساتھ دیگر امور بھی معمولات پر آگئے ہیں۔

حالیہ پاکستان اور بنگلادیش کی سیریز میں ٹرافی کی تقریب رونمائی کے دوران بھی اس تحریک کی جھلک نظر آئی، جسے ٹرافی کی رونمائی کے دوران رکھی ڈائس پر نمایاں طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

8 اگست 2024 کو بنگلادیش میں نوبیل انعام یافتہ پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس کی سربراہی میں عبوری حکومت نے حلف اٹھا یا تھا، شیخ حسینہ کے خلاف تحریک کی قیادت کرنیوالے طلبا رہنما ناہید اسلام اور آصف محمود بھی 17 رکنی عبوری حکومت میں شامل تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید