• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمایوں سعید کے دی کراؤن میں کردار، شوٹنگ کے تجربات اور معاوضے پر اہم انکشافات

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ممتاز اداکار ہمایوں سعید اپنی جاذبِ نظر اسکرین پرفارمنس اور ہمہ جہت اداکاری کے باعث مداحوں میں بے حد مقبول ہیں، حال ہی میں جیو ٹی وی کے پوڈکاسٹ میں میزبان مبشر ہاشمی کے ساتھ گفتگو کرتے نظر آئے۔

پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران ہمایوں سعید نے نیٹ فلکس کی معروف سیریز The Crown میں ڈاکٹر حسنات کا کردار حاصل کرنے کے مراحل پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے دوست نادر جو ایک ہدایت کار ہیں، سے کہا کہ وہ میرا آڈیشن شوٹ کرے، یہ ایک رومانوی سین تھا، اُس وقت مجھے کورونا وائرس تھا، نادر نے ماسک پہن کر میرا آڈیشن ریکارڈ کیا، پہلے سین کے بعد انہوں نے مجھے دوسرا سین بھیجا، وہ بھی منظور ہو گیا پھر ایک اور آڈیشن ہوا جو زوم پر ہوا اور اس میں ڈائنا کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کے ساتھ میرا سین تھا، یہ آڈیشن بھی انہیں پسند آیا، آخر میں، میں 2 امیدواروں میں رہ گیا، تب میں نے انہیں کہا کہ اگر مجھے کردار نہیں دینا تو مجھے کال نہ کرنا پھر 20 دن تک خاموشی رہی اور پھر اچانک کال آئی، مبارک ہو، آپ کو کردار مل گیا۔

ہمایوں سعید نے مزید کہا کہ انہیں مغرب میں کام کرنے کا کبھی شوق نہیں تھا لیکن دی کراؤن میں ایک پاکستانی شخصیت کو پیش کرنا ان کے لیے باعثِ فخر تھا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ایک اور نیٹ فلیکس سیریز کی پیشکش بھی ہوئی تھی مگر میں نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔ دی کراؤن میرے لیے اس لیے خاص تھا کیونکہ یہ ایک پاکستانی کردار تھا اور میں نے چاہا کہ اُسے پاکستانی ہی ادا کرے۔

ہمایوں سعید نے اس سیریز میں اپنے رومانوی سین (کِسنگ سین) کے حوالے سے بتایا کہ میں اس پر کافی نروس تھا، میں نے اپنی کو اداکارہ کو بتایا کہ ہمارے ہاں ڈراموں میں ایسے سین نہیں ہوتے، ہم تو بیوی سے بھی فاصلہ رکھ کر بات کرتے ہیں، وہ پہلے حیران ہوئیں پھر انہوں نے مجھے کافی اعتماد دیا، انہوں نے کہا کہ پروڈیوسر نے میری تصویر دیکھتے ہی مجھے منتخب کر لیا تھا۔

اداکار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ مجھے دی کراؤن سے اچھا معاوضہ ملا، مجھے اس کردار کے لیے اتنی رقم ملی جتنی میں کسی مکمل ڈرامہ سیریل کے لیے لیتا ہوں، یہ ایک اچھا پیکیج تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید