بلوچستان میں خاتون اور مرد کو قتل کرنے کے واقعے میں اب تک 13 ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ آپریشن جاری ہے، تمام ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، ریاست مظلوم کے ساتھ ہے۔
دوسری جانب پولیس نے کہا کہ قبائلی رہنما شیرباز سمیت واقعے میں ملوث 13مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا، وائرل ہونے والی ویڈیو میں نظر آنے والے 2 ملزمان بھی گرفتار ہونے والوں میں شامل ہیں۔
پولیس حکام کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کر رہےہیں ، جلد دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔
ویڈیو میں مسلح افراد نامعلوم مقام پر ایک خاتون اور مرد پر اندھا دھند فائرنگ کرتے دکھائی دے رہے تھے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پر ایک خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو وائرل ہونے کا نوٹس لیا تھا۔
شاہد رند نے کہا تھا کہ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق یہ عیدالاضحیٰ کے قریب کا واقعہ ہے، اب تک لاشیں برآمد نہیں ہوئیں، علاقے میں اس وقت سی ٹی ڈی اور پولیس موجود ہے۔