کوئٹہ ( پ ر) بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، شدید گرمی میں دن رات شہریوں پر تاریکی مسلط کی گئی ہے ، کیسکو کے متعلقہ افیسران واہلکاران غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں ، سریاب تحصیل کے تمام علاقوں میں بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ سے عوام ذہنی کوفت کا شکار ہوچکے ہیں اور ساتھ ہی پینے کے صاف پانی کی قلت کا مسئلہ بڑھتا جارہا ہے ۔ ہر علاقے میں پینے کے صاف پانی کا بحران پیدا ہوچکا ہے۔ زیر زمین پانی کی گرتی ہوئی سطح تشویشناک ہے ۔ حکومت ، محکمہ واسا ، پی ایچ ای کے حکام نے اس مسئلے کو سنجیدہ نہ لیا تو کوئٹہ شہرنقل مکانی پر مجبور ہوں گے۔ سریاب تحصیل چار صوبائی حلقوں اور 2قومی اسمبلی کے حلقوں پر مشتمل ہونے کے باوجود ہر قسم کے عوامی فلاح وبہبود کے ترقیاتی کاموں سے محروم اور عوام کو ہر شعبہ زندگی میں مسائل کا سامنا ہے ۔ نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوئٹہ میںبلدیاتی انتخابات کا فوری اعلان کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ ضلع کوئٹہ کے سینئر معاون سیکرٹری جمشید دوتانی ، تحصیل سیکرٹری نیاز بڑیچ، سینئر معاون سیکرٹری سید عبدالخالق آغا، تحصیل اطلاعات سیکرٹری صدام اچکزئی ،نصیر پوپل ، علاقائی یونٹ آرگنائزر حاجی قاسم خان، کریم پہلوان ، حاجی میر لالئی خلجی نے پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ تحصیل سریاب سے مربوط تختانی بائی پاس اروشاد رزاق لالا علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام حاجی میر لالئی خلجی کی رہائش گاہ پر 50افراد نے پشتونخواملی عوامی پارٹی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نئے ابتدائی یونٹ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔ جس کے مطابق حاجی میر لالئی یونٹ سیکرٹری، محمد رمضان سینئر معاون اور دیگر اراکین معاونین منتخب ہوئے۔ نومنتخب ایگزیکٹیوز سے تحصیل جنرل سیکرٹری سید عبدالخالق آغا نے حلف لیا ۔پارٹی رہنماؤں نے نئے شمولیت کرنیوالوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی انہیں بروقت اور درست فیصلے پر داد تحسین پیش کرتی ہے اور امید کرتی ہے کہ وہ پارٹی صفوں میں مزید عوام کی شمولیت کے لیے پارٹی پروگرام کو گھر گھر تک پہنچائیں گے۔