کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جیل روڈ ہدہ اور جعفر خان جمالی روڈپر چند ماہ قبل تعمیر کی گئی سڑک کو گیس پائپ لائن بچھانے کے لیے دوبارہ اکھاڑ دیا گیا، جس پر شہریوں اور علاقہ مکینوں کی جانب سے شدید تشویش اور غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق متعلقہ حکام نے سوئی گیس کی پائپ لائن ڈالنے کے لیے حالیہ عرصے میں تعمیر کی گئی سڑک کو ایک مرتبہ پر اکھاڑ کے رکھ دیا ہے جو خطیر رقم سے بنائی گئی تھی عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سڑک کا یوں دوبارہ اکھاڑ دینا سرکاری منصوبہ بندی کی ناکامی اور محکموں کے درمیان رابطے کے فقدان کو ظاہر کرتا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر گیس پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ پہلے سے موجود تھا تو سڑک کی تعمیر سے قبل ہی اس کام کو مکمل کیا جانا چاہیے تھا تاکہ قومی خزانے کو دوبارہ نقصان نہ اٹھانا پڑتا۔علاقہ مکینوں نے مزید کہا کہ جہاں بھی روڈ کٹنگ کی جاتی ہے اسکے بعد ان سڑکوں پرمٹی اور پتھر ڈال کر بھر دیا جاتا ہے اور روڈ تعمیر نہیں کیا جاتا جسکی عوامی حلقوں نےچیف سیکرٹری اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس قسم کی غیر مربوط ترقیاتی سرگرمیوں کی روک تھام کی جائے، اور محکموں کو ہدایت دی جائے کہ وہ باہمی ہم آہنگی کے ساتھ منصوبہ بندی کریں تاکہ عوامی پیسے اور وقت کا ضیاع نہ ہو۔