اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹرز نے اعلان کیا کہ سینیٹ نے متفقہ طور پر صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز (ترمیمی) ایکٹ 2022 منظور کر لیا ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔ یہ قانون صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کو اس قابل بنائے گا کہ وہ اپنے مسائل کو عدالت، پولیس یا ارکانِ اسمبلی کے پاس جائے بغیر خود حل کر سکیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹرز سلیم مانڈوی والا، پلوشہ خان اور شہادت اعوان نے اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر مانڈوی والا نے اس بل کی منظوری پر صحافتی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ ایسی قانون سازی کو ترجیح دیتی ہے جو معاشرے کے تمام طبقات کے لیے فائدہ مند ہو۔ یہ قانون صحافی برادری کے لیے سہولت فراہم کرنے والا ہے، نہ کہ کنٹرول کرنے والا۔ صحافیوں کے تحفظ سے متعلق قانون پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے طریقہ کار وضع کیے جائیں گے۔