کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ اسرائیل کو لگام دینے کیلئے امت مسلمہ یکجا ہوجائے۔غزہ کا مسئلہ روز بروز سنگین ہورہا ہے، مگر عالمی طاقتوں کی طرح مسلم دنیا بھی بے حسی کا مظاہرہ کرہی ہے جو انتہائی افسوس ناک عمل ہے، فلسطین میں اسرائیلی بر بریت کو روکنے کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے،یونیسیف نے بھی اعتراف کیا ہے کہ غزہ میں حالات انتہائی خوفناک اور ہر گزرتے لمحے مزید بگڑ رہے ہیں۔اسرائیل کی جانب سے بجلی اور فیول کی بندش نے پانی کی فراہمی بھی روک دی ہے اور اگر ایندھن نہ آیا تو بچے پیاس سے مرنے لگیں گے۔اسرائیل کی بھوک پالیسی کو جنگی و انسانیت کے حوالے سے جرم تصور کیا جانا چاہئے، ان حالات میں اسرائیلی پارلیمنٹ میں مغربی کنارے پر قبضے کی قرارداد کا منظور ہونا پوری انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے۔