• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی؛ جرگہ کے فیصلے پر غیرت کے نام پر دلہن قتل، اندھیرے میں دفن

راولپنڈی (حافظ وسیم اختر ،اسٹاف رپورٹر) جرگہ کے فیصلے پرغیرت کے نام پر19سالہ نئی نویلی دلہن کو قتل کرکے رات کے اندھیرے میں دفن کردیا گیا، قبر کا نشان مٹادیا، گورکن اور سیکرٹری قبرستان کمیٹی گرفتار،قبرکشائی کے لئے عدالت سے رجوع، ذرائع کاکہناہے کہ فوجی کالونی پیرودھائی کے رہائشی ضیاء الرحمٰن جوباڑا مارکیٹ راولپنڈی میں کپڑوں کی دکان میں ملازم ہے کی شادی رواں سال جنوری میں  ہوئی تھی ،جس کو 16جولائی کی رات غیرت کے نام پر قتل کرکے اس کی لاش کواگلے روز خاموشی سے دفن کرکے قبر کا نشان مٹادیا گیا، جس روزمقتولہ کو دفن کیاگیااسی روز تھانہ پیرودھائی کو مقامی افراد نے آگاہ کردیا تھا، لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی، مزید ستم یہ کہ21جولائی کو مقتولہ کے خاوند کی مدعیت میں اس کی بیوی کے اغوا کی ایف آئی آردرج کرلی جس میں کہا گیا کہ وہ 11 جولائی کی رات ایک بج کر 20 منٹ پر بغیر کسی کو بتائے 10 تولے طلائی زیورات، ڈیڑھ لاکھ روپے اور اپنے کپڑے لے کر گھرسے چلی گئی۔