کراچی (اسٹاف رپورٹر) غیر ملکی سرمایہ کاروں نے کراچی، لاہور اوراسلام آباد میں سنگین جرائم اور اسٹریٹ کرائم میں نمایاں کمی کا اعتراف کیا ہے اوورسیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (OICCI)نے اپنے سالانہ سیکیورٹی سروے 2025کے نتائج کا اعلان کردیاہے۔ یہ سروے پاکستان بھر میں کام کرنے والی غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تاثرات کی عکاسی ہے۔ جون 2024سے مئی 2025تک کے عرصے پر محیط سروے کے نتائج کے مطابق ملک کے بڑے شہروں خاص طورپر کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے اہم کاروباری مراکز میں سیکیورٹی کی صورتحال میں قابلِ ذکر بہتری آئی ہے۔ سروے کے مطابق70فیصد سے زائد شرکاء نے کراچی، لاہوراور پنجاب بھرمیں سنگین جرائم میں نمایاں کمی کی اطلاع دی ہے جبکہ کراچی، لاہوراور اسلام آباد میں اسٹریٹ کرائمز میں بھی واضح کمی آئی ہے۔ اس کے علاوہ سروے کے 2تہائی شرکاء نے ملازمین کوخاص طورپر مذکورہ بڑے شہروں میں روز مرہ آمدو رفت کے دوران ذاتی تحفظ میں بہتری کی رپورٹ دی ہے۔