ماسکو(نیوزڈیسک) روس کے مشرقی علاقے میں ایک مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام مسافر ہلاک ہو گئے جبکہ طیارے کاملبہ جنگل میں مل گیا۔غیرملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق مسافر طیارہ زمین سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگیا، طیارے کا کوئی بھی مسافر زندہ نہیں بچ سکا۔تفصیلات کے مطابق روس کے مشرقی علاقے میں ایک مسافر بردار طیارہ دوران پرواز گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں سوار تمام 49افراد جان کی بازی ہار گئے۔روسی نیوز ایجنسیوں اور مقامی حکام نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سائبرین ایئرلائن کا Antonov An-24طیارہ حادثہ کاشکار ہوگیا ہے۔ طیارہ چین کی سرحد سے متصل قصبے ٹائنڈا کے قریب ریڈار سے غائب ہوکر لاپتا ہو گیا تھا۔ حادثے کے وقت طیارہ لینڈنگ کی دوسری کوشش کر رہا تھا جب اچانک اس کا رابطہ ختم ہو گیا۔ علاقائی حکام کے مطابق طیارہ زمین سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگیا۔حادثے میں کوئی بھی فرد زندہ نہیں بچ سکا۔ طیارے میں 43 مسافر سوار تھے جن میں 5بچے اور 6عملے کے افراد شامل تھے۔