اسرائیلی افواج نے انٹیلی جنس ونگ کے تمام فوجیوں اور افسران کے لیے عربی زبان اور اسلامی تعلیمات کو لازمی قرار دے دیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ اقدام 7 اکتوبر 2023 کے حملوں میں اسرائیلی افواج کی ناکامی کے بعد سامنے آیا۔
اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ (امان) کے سربراہ میجر جنرل شلومی بائنڈر نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام اہلکار آئندہ سال کے اختتام تک اسلامی تعلیم حاصل کریں گے، جبکہ ان میں سے 50 فیصد اہلکار عربی زبان کی تربیت بھی لیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس اہلکاروں کو حوثی مواصلات کو سمجھنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کی وجہ سے اس پروگرام میں حوثی اور عراقی زبانوں کی خصوصی تربیت پر بھی توجہ دی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امان کے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ ہم ثقافت، زبان اور اسلام کے بارے میں زیادہ کچھ نہیں جانتے، ہمیں ان میدانوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
سینیئر افسر کے مطابق ہم اپنے فوجیوں کو عرب دیہاتی بچوں میں تو نہیں بدل سکتے لیکن زبان اور ثقافت کی تعلیم کے ذریعے ہم ان میں مشاہدہ اور گہرائی پیدا کر سکتے ہیں۔