غزائی بحران کے خاتمے کے لیے مصر سے امدادی ٹرک جنگ زدہ غزہ کی طرف بڑھنا شروع ہو گئے ہیں۔
مصری میڈیا کے مطابق کئی مہینوں سے جاری دباؤ کے بعد عالمی امدادی اداروں کی جانب سے قحط اور بھوک سے پریشان فلسطینیوں کے لیے غزہ میں امداد بھیجنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
امداد لے جانے والے درجنوں ٹرک کرم ابو سلیم راہداری سے گزرتے ہوئے غزہ جا رہے ہیں۔
بین القوامی امدادی اداروں نے بتایا کہ غزہ میں 22 لاکھ افراد بھوک کا شکار ہیں، اسرائیل نے کئی ماہ سے غزہ میں امداد کی ترسیل کو روکا ہوا تھا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوجی ذرائع نے بتایا ہے کہ غزہ میں امداد پہنچانے والے اقوام متحدہ کے قافلوں کے لیے ’ہیومینیٹرین راہداری‘ بنائی جائے گی، غزہ کے گنجان آباد علاقوں میں امداد پہنچانے کے لیے انسانی ہمدردی پر جنگ میں وقفہ کیا جائے گا۔
اسراسئیلی ذرائع نے مزید کہا کہ غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فضا سے امدادی سامان کی ترسیل کی گئی ہے جس کی شمالی غزہ میں فلسطینی ذرائع نے تصدیق کی ہے۔