لاہور(اپنے نامہ نگار سے) پیپلز لائرز فورم پنجاب نےگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی جانب سے حکومت پنجاب کو لکھے گئے خط پر وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے رد عمل کو افسوسناک اور غیر سنجیدہ قرار دیا ہے۔ عظمیٰ بخاری کو گورنر پنجاب کے تمام اختیارات کار کا علم ہونا چاہیے۔ پیپلز لائرز فورم نے اپنے بیان میں یہ واضح کیا کہ گورنر پنجاب نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کر کے متاثرین کی نہ صرف دلجوئی کی بلکہ ذاتی طور پر مالی امداد بھی فراہم کی، جو ان کی عوامی ہمدردی اور احساسِ ذمہ داری کا عملی مظاہرہ ہے۔ پیپلز لائرز فورم نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے متاثرین کو بے یار و مددگار چھوڑنے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی، ہمیشہ کی طرح، ایک عوامی جماعت ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے۔