امریکی ریاست وسکونسن میں پیش آئے عجیب و غریب واقعے میں 60 سال سے لاپتہ اوڈری بیکبرگ نامی خاتون مل گئی۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اوڈری بیک برگ امریکی ریاست وسکونسن کے علاقے ریڈزبرگ سے 1962ء میں غائب ہوئی تھیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکی خاتون نے 20 سال کی عمر میں مبینہ طور پر زبردستی کی شادی اور گھریلو تشدد کی وجہ سے گھر چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا اور پولیس کے پاس گھریلو تشدد کی رپورٹس بھی درج کروائی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق جنوری 2025ء میں آفیسر آئزک ہینسن نے اس کیس کو دوبارہ کھولا، دستاویزات کو ڈیجیٹائز کیا اور متعلقہ افراد سے بیانات لیے اور پھر اینسیسٹری ڈاٹ کام سے حاصل کردہ فیملی ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے خاتون کا پتہ معلوم کرلیا۔
آئزک ہینسن نے اوڈری بیک برگ سے ملاقات کی تو خاتون نے بتایا کہ وہ اب خوش ہے اور اسے اپنے فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔
اوڈری بیک برگ نے اپنی خوشحال زندگی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے اور اپنی موجودہ رہائش کو خفیہ رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا اور پولیس نے اس کی خواہش کا احترام کیا ہے۔