فرانس کے بعد ایک اور یورپی ملک نے فلسطین کو بطور آزاد ریاست تسلیم کرلیا۔
یورپی ملک مالٹا کے وزیر اعظم رابرٹ ابیلا نے گزشتہ روز سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ مالٹا ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کرے گا۔
رابرٹ ابیلا نے یہ بھی لکھا کہ ہمارا یہ اقدام مشرق وسطیٰ میں مستقل امن کے لیے ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
مالٹا کے وزیراعظم نے یہ اعلان برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے مشروط اعلان کے چند گھنٹے بعد کیا۔
مالٹا کی حکومت پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے اندر سے دباؤ بڑھ رہا تھا اور ملک کی مرکزی دائیں بازو کی اپوزیشن بھی جولائی کے وسط میں حکومت سے فوری طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کر چُکی ہے۔
مالٹا کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جو طویل عرصے سے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے حامی رہے ہیں اور مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کرتے آئے ہیں۔