پاکستان والی بال فیڈریشن نے انڈر 19 ورلڈ کپ میں متنازع ریفریئنگ پر ایف آئی وی بی کو خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا۔
چیئرمین والی بال فیڈریشن چوہدری یعقوب کا کہنا ہے کہ ریفری کے متنازع فیصلوں پر عالمی باڈی کو خط لکھ کر احتجاج کریں گے۔
انڈر 19 والی بال چیمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل میں ریفری کے متعدد فیصلے متنازع رہے، پری کوارٹر فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو پولینڈ نے 3-2 سے ہرایا تھا، میچ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کی ریفری سے تلخ کلامی بھی ہوئی تھی۔
چوہدری یعقوب نے کہا ہے کہ میچ کے بعد منیجر نے کنٹرول کمیٹی کو آخری پوائنٹ کے فیصلے کی ویڈیو چیک کرنے کا کہا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ کنٹرول کمیٹی نے ویڈیو دیکھ کر اعتراف کیا کہ پاکستاں کے خلاف دیا جانے والا پوائنٹ پولینڈ کا فاؤل تھا۔
چوہدری یعقوب کا یہ بھی کہنا ہے کہ کنٹرول کمیٹی کے نمائندے نے معذرت کا اظہار کیا مگر فیصلہ تبدیل کرنا ممکن نہ تھا۔