بھارت کو قدیم بدھ مت جواہرات ایک صدی کے بعد دوبارہ مل گئے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے قدیم بدھ مت جواہرات کا ایک سیٹ برآمد کیا ہے جو بھارت سے برطانوی نوآبادیاتی دور میں چھین لیا گیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ پپراہوا جواہرات تیسری صدی قبل مسیح کے قریب کے ہیں اور انہیں 1898ء میں انگریز ولیم کلاکسٹن پیپے نے شمالی ہندوستان سے دریافت کیا تھا۔
اس حوالے سے بھارتی وزارتِ ثقافت نے اپنے بیان میں کہا کہ قدیم جواہرات جن کی مئی میں نیلامی ہونی تھی اُنہیں محفوظ کر لیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا کہ یہ جواہرات طویل عرصے سے بدھ مت برادری کے لیے بہت زیادہ روحانی اہمیت رکھتے ہیں اور بھارت کی تاریخ میں آثار قدیمہ کی سب سے اہم دریافتوں میں سے ایک کی نمائندگی کرتے ہیں۔
بیان میں یہ بھی بتایا کہ ان جواہرات کو جلد ہی عوامی نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا لیکن نمائش کے حوالے سے تفصیلات نہیں بتائیں۔
اس موقع پر بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ یہ یاد رہے کہ پپراہوا کے یہ جواہرات 1898ء میں دریافت ہوئے تھے لیکن نوآبادیاتی دور میں ہندوستان سے چھین لیے گئے تھے اور جب رواں سال کے آغاز میں یہ ایک بین الاقوامی نیلامی میں نظر آئے تو ہم نے ان کی وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لیے کام کیا۔
واضح رہے کہ بھارتی وزارت ثقافت نے مئی میں جواہرات کی فروخت کا اہتمام کرنے والے نیلام گھر سوتھبیز کو قانونی نوٹس جاری کیا تھا اور ساتھ ہی مطالبہ بھی کیا تھا کہ جواہرات کی نیلامی کو منسوخ کرکے انہیں بھارت کو واپس کیا جائے۔