امریکی ریاست وسکونسن میں 2025ء کا ویسٹ نائل وائرس (مچھر کے کاٹنے سے منتقل ہونے والا وائرس) کا پہلا تصدیق شدہ کیس سامنے آ گیا۔
محکمہ صحت وسکونسن کے مطابق یہ کیس بیرن کاؤنٹی میں رپورٹ ہوا ہے، جبکہ مچھر جو وائرس کا ذریعہ بنتے ہیں، وہ میلواکی اور لیفیٹ کاؤنٹیز میں بھی وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔
ویسٹ نائل وائرس عام طور پر ایسے مچھروں کے کاٹنے سے پھیلتا ہے جو پہلے وائرس سے متاثرہ پرندوں کا خون چوس چکے ہوتے ہیں، یہ وائرس نہ انسان سے انسان کو منتقل ہوتا ہے اور نہ ہی جانوروں سے انسانوں کو۔
وائرس کی علامات میں سر درد، سردی لگنا، بخار، پٹھوں میں درد اور کمزوری شامل ہیں، تاہم بعض نایاب اور شدید کیسز، خاص طور پر بزرگوں اور کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے افراد میں، فالج، گردن اکڑ جانا، ذہنی الجھن اور بے ہوشی جیسی سنگین علامات بھی پیدا ہو سکتی ہیں۔
محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے خود کو اور دوسروں کو ویسٹ نائل وائرس سے محفوظ رکھیں۔