• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورنگی، نجی بینک کی وین سے 97 لاکھ روپے لوٹ لئے گئے، فائرنگ سے 2 سیکورٹی گارڈز زخمی

کراچی( اسٹاف رپورٹر )کورنگی میں مسلح ملزمان نجی بینک کی کیش وین سے 97 لاکھ روپے کی رقم لوٹ کر فرار ہو گئے،ملزمان کی فائرنگ سے دو سیکورٹی گارڈز زخمی ہو گئے ،تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا گودام چورنگی کے قریب نجی بینک کے باہر کار سوار مسلح ملزمان نے کیش کیش وین سے 97 لاکھ روپے کی رقم لوٹ لی،ملزمان کی فائرنگ سے دو سیکورٹی گارڈز 55 سالہ محمد خالد ولد فضل بادشاہ اور 60 سالہ سدھیر ولد علی شاہ زخمی ہوگئے ،واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو رضاکار موقع پر پہنچے اور زخمی سیکورٹی گارڈز کو جناح اسپتال منتقل کیا ،ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق تین سے چار مسلح ملزمان کار میں سوار تھے جنہوں نے واردات کی،کیش وین بینک سے رقم لے کر نکل رہی تھی، ملزمان نے اپنی کار کچھ آگے جا کر چھوڑ دی اور اقبال نامی شہری سے کار چھین کر فرار ہو گئے، ملزمان جو کار چھوڑ کر فرار ہوئے ہیں اس کا ریکارڈ چیک کیا گیا تو وہ کلئیر ہے،کار میں سے کچھ شواہد ملے ہیں، بینک کے اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ ٹیکنیکل انائلسز بھی کر رہے ہیں، دریں اثنا وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی کو فی الفور ابتدائی پولیس ایکشن سے آگاہ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں،وزیر داخلہ سندھ کے مطابق جائے وقوع پر ماہر پولیس آفیسر کو ذمہ داریاں دی جائیں،تفتیش تحقیق اور چھان بین میں ماڈرن تیکنکس اور جدید آلات سے مدد لی جائے، ملزمان کسی بھی صورت بچ نکلنے میں کامیاب نہ ہوں،واضح رہے کہ ضلع کورنگی میں گذشتہ دس روز کے اندر ڈکیتی مزاحمت پر دو نوجوان جاں بحق ہو چکے،اس دوران جیولری کی تین دکانوں کو بھی لوٹا گیا ہے۔