کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ مخدوش عمارتوں کے نام پر شہریوں کو ہراساں و تنگ کرنا قبول نہیں، گلستان جوہر میں مختلف فلیٹوں کی ایسوسی ایشن کو بلڈنگز کی مینٹینس اور سہولتوں کی کمی دور کرنے میں رہنمائی فراہم کی جائے، کنٹونمنٹ بورڈ کا دہرا معیار ہے، سول علاقوں سے ٹیکس تو لیتے ہیں لیکن کوئی بھی بلدیاتی کام نہیں کرتے جس کے باعث ان کے زیر انتظام علاقوں میں بلدیاتی مسائل کی بدترین صورتحال ہے،کنٹونمنٹ بورڈ اور ایس بی سی اے دونوں کی کارکردگی غیر اطمینان بخش ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں گلستان جوہر کے مختلف فلیٹوں سے آنے والے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،وفد میں رابعہ سٹی سمیت فیصل کنٹونمنٹ کے مختلف وارڈ کے فلیٹوں کی ایسوسی ایشن کے عہدیدار شامل تھے، جنہوں نے بتایا کہ بڑی تعداد میں گلستان جوہر میں تعمیر شدہ فلیٹس پر مشتمل عمارتوں کو مخدوش قرار دیا گیا ہے جبکہ یہ تعمیرات نہ بہت زیادہ پرانی ہیں اور نہ ہی مخدوش، اس سلسلے میں فیصل کنٹونمنٹ کے عملے نے کوئی معائنہ کیا نہ عمارتوں کی مضبوطی کا کوئی ٹیسٹ کیا گیا، نہ ہی ان کے مکینوں سے ملاقات کی اور بلا کسی جواز کے نوٹس جاری کرکے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا گیا ہے۔