پیرس کی گلیوں سے ایوانِ صدر تک پہنچنے والے اخبار فروش پاکستانی نژاد علی اکبر کو فرانس کے اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نواز دیا گیا۔
راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے 72 سالہ علی اکبر گزشتہ 5 دہائیوں سے پیرس کے معروف علاقے سینٹ جرمین دے پری میں اخبارات بیچنے والے کے طور پر جانے جاتے ہیں، ان کو فرانس کے اعلیٰ ترین اعزاز Légion d’Honneur سے نوازا گیا ہے۔
یہ اعزاز انہیں فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے ایلیزے پیلس میں ایک خصوصی تقریب کے دوران عطا کیا۔
علی اکبر 1953ء میں راولپنڈی میں انتہائی غربت میں پیدا ہوئے، انہوں نے 12 سال کی عمر میں اسکول چھوڑا اور محنت مزدوری کے مختلف کام کرتے رہے، اپنی محنت سے پڑھنا سیکھا اور ایک لمبا سفر طے کرتے ہوئے افغانستان، ایران اور یونان سے ہوتے ہوئے 1973ء میں پیرس پہنچے۔
1974ء سے وہ پیرس کی گلیوں میں Le Monde اور Les Echos جیسے مشہور فرانسیسی اخبارات بیچتے رہے اور اپنی نرالی آواز اور مسکراہٹ سے لوگوں کا دل جیت لیا۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق علی اکبر فرانس کے آخری اخبار فروش سمجھے جاتے ہیں، یہنایک ایسا پیشہ جو 1960ء کی دہائی میں اپنے عروج پر تھا مگر اب ناپید ہوتا جا رہا ہے، پیرس کے مقامی لوگ ان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔