برطانوی بادشاہ چارلس سوم ممکنہ طور پر بہت جَلد خلاء کا سفر کر کے شاہی خاندان کے فرد کی حیثیت سے نئی تاریخ رقم کر سکتے ہیں۔
خلاء نوردی کی دنیا کی معروف شخصیت، برطانوی خلاء باز ٹم پیک نے انکشاف کیا کہ بادشاہ چارلس خلاء میں جانے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
’ڈیلی میل‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران ٹم پیک نے بتایا کہ ان کی ملاقات رواں سال کے آغاز میں کنگ چارلس سے ہوئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا، ’اس ملاقات کے دوران میری کنگ چارلس کے ساتھ خلاء کے ماحول کے تحفظ پر تفصیلی گفتگو ہوئی تھی، میرا خیال ہے کہ کنگ چارلس کا اگلا محاذ خلاء ہے، اگر وہ جانا چاہیں تو یہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔‘
ٹم پیک کا کہنا تھا کہ برطانوی بادشاہ خلاء اور انسانی ترقی کے حوالے سے نہایت سنجیدہ اور پُرجوش ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ انہیں اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
یاد رہے کہ 2022ء میں بادشاہ چارلس نے ’آسٹرا کارٹا‘ کے نام سے ایک فریم ورک متعارف کروایا تھا جس کا مقصد خلاء کی صنعت میں پائیداری کو فروغ دینا تھا۔
اگرچہ اس حوالے سے کنگ چارلس کی جانب سے کوئی سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا تاہم ان کی دلچسپی، سابق خلاء باز کی گفتگو اور ماضی کے اقدامات اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ وہ جَلد خلاء نوردی کے نئے باب کا آغاز کر سکتے ہیں اور اگر یہ سفر حقیقت میں تبدیل ہوتا ہے تو کنگ چارلس ناصرف برطانیہ بلکہ دنیا کے پہلے بادشاہ ہوں گے جو خلاء میں قدم رکھیں گے۔