لوٹن کی معروف شخصیت چوہدری محمد امین پوٹھی نے کہا کہ پاکستان کے بہترین مفاد میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل جل کر پاکستان میں انسانی حقوق کی پاسداری، جمہوریت کی بقاء، آئین اور سول بالادستی کے لیے کام کریں۔
چوہدری محمد امین پوٹھی نے ان خیالات کا اظہار پاکستان پریس کلب یوکے کے نو منتخب صدر راجہ مسرت اقبال کے اعزاز میں منعقد کی گئی استقبالیہ تقریب میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس تقریب میں پاکستان پریس کلب کے عہدیداروں اور ممبران کے علاوہ دیگر صحافیوں اور کمیونٹی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی
نو منتخب صدر راجہ مسرت اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پریس کلب یوکے برطانیہ میں موجود صحافیوں کا واحد کلب ہے جو پورے برطانیہ کے صحافیوں کی نمائندگی کرتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان پریس کلب کے پلیٹ فارم سے کمیونٹی کے سیکڑوں رہنماؤں کو کوریچ ملی اور اس طرح ہماری کمیونٹی کے افراد پرموٹ ہوئے جبکہ کمیونٹی کے مسائل برطانیہ یورپ یا اوورسیز میں ہوں یا پھر پاکستان میں ہوں انہیں اجاگر کیا گیا۔
راجہ مسرت اقبال نے کہا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
اس موقع پر مختلف مقررین نے پاکستان پریس کلب کے کردار کو سراہا اور صدر مسرت اقبال و ان کی باڈی کے دیگر عہدیداروں کو مبارک باد دی۔