کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئےتجزیہ کاروں نےکہا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج میں صرف دو دن رہ گئے، قیادت میں واضح حکمت عملی نظر نہیں آرہیـ ۔5 اگست تک تحریک کا عروج دکھائی نہیں دیا، اس کی تنظیمی بنیاد بھی کمزور ہے، پارٹی داخلی بحران کا شکار ہے، پارٹی کے اندرونی اختلافات تحریک کو متاثر کررہے ہیں، ٹی ٹی پی کے مطالبات ریاست پاکستان کے لئے قابل قبول نہیں ہیں۔پروگرام میں عاصہ شیرازی، اطہر کاظمی اور افتخار فردوس نے گفتگو کی۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان شہزاد اقبال نے 5 اگست کے پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک پر تفصیلی تجزیہ پیش کیا۔ اس احتجاج کی کال صرف دو دن دور ہے، لیکن پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے احتجاج کے لائحہ عمل، ٹائم فریم اور قیادت میں کنفیوژن پائی جاتی ہے۔ شہزاد اقبال نے بتایا کہ محمود اچکزئی اس احتجاج کی قیادت کریں گے، جبکہ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے صرف اخلاقی حمایت کا اعلان کیا ہے۔