فلسطین میں اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسیسکا البانیز نے کہا ہے کہ غزہ میں نسل کشی روکنے کے لیے عالمی برادری ایکشن لے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق غزہ اور مغربی کنارے میں اقوام متحدہ کی نمائدہ فرانسیسکا البانیز نے کولمبیا کے دارالحکومت بگوٹا میں ایک کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہر ملک کو اسرائیل سے اپنے سفارتی تعلقات پر نظر ثانی کرنی چاہیے اور اِن تعلقات کو منقطع کردینا چاہیے، ساتھ ہی ان ممالک میں پرائیویٹ سیکٹر کو بھی ایسا ہی کرنا چاہیے۔
اس کانفرنس کا انعقاد کولمبیا اور جنوبی افریقہ کی حکومتوں نے کیا جس میں اسپین، آئرلینڈ اور چین سمیت 30 ممالک کے وفود نے شرکت کی۔
فرانسیسکا البانیز نے غزہ جنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی معیشت مقبوضہ علاقوں پر نسل کشی پر ٹکی ہوئی ہے۔
کانفرنس میں شامل بیشتر وفود کی رائے تھی کہ اسرائیل فلسطین کے خلاف تشدد کا استعمال نسل کشی کے لیے کر رہا ہے۔
کانفرنس میں شامل ممالک کے وفود نے یہ بھی کہا کہ وہ عالمی عدالت انصاف کی جانب سے دی گئی رائے کی پیروی کرنے کی کوشش کریں گے، جس میں فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔