ایک نئی سائنسی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بہترین آئی کیو لیول رکھنے والے افراد ناصرف زیادہ حقیقت پسند ہوتے ہیں بلکہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں زیادہ درست اور حقیقت سے قریب تر پیش گوئیاں بھی کرتے ہیں۔
یہ تحقیق مشہور جریدے جرنل آف پرسنیلیٹی اینڈ سوشل سائیکولوجی میں شائع ہوئی جسے یونیورسٹی آف باتھ کے پروفیسر کرس ڈاسن نے مرتب کیا ہے۔
تحقیق کا مقصد یہ جانچنا تھا کہ آیا ذہین افراد دیگر کے مقابلے میں غیر یقینی حالات کے نتائج کا بہتر اندازہ لگا سکتے ہیں یا نہیں؟
تحقیق سے معلوم ہوا کہ زیادہ آئی کیو والے افراد اپنی عمر، صحت اور زندگی کے دیگر امکانات کے بارے میں زیادہ درست اندازے لگاتے ہیں، ذہین افراد غیر یقینی واقعات کے امکانات کو بہتر طریقے سے سمجھتے ہیں، جس سے ان کی فیصلہ سازی کی صلاحیت بھی بہتر ہوتی ہے۔
مطالعے میں یہ بھی سامنے آیا کہ ذہین افراد اکثر حقیقت کو واضح طور پر دیکھتے ہیں، اسی لیے ان کے اندازے عام طور پر درست اور متوازن ہوتے ہیں۔