• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ: ذہنی مسائل کے حل کیلئے 24 گھنٹے مفت میسج سروس کا آغاز

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

انگلینڈ کے شہر برمنگھم اور ٹاؤن سولی ہل کے رہائشیوں کے لیے ایک نئی ’ٹیکسٹ میسج سروس‘ کا آغاز کیا گیا ہے جو ذہنی صحت سے متعلق معاونت فراہم کرے گی۔

اس سروس کے ذریعے صارفین صرف ایک لفظ ’SPACE‘ (اسپیس) لکھ کر 85258 پر بھیج کر تربیت یافتہ ذہنی صحت کے ماہرین سے رابطہ کر سکتے ہیں جو 24 گھنٹے مفت، رازدارانہ اور فوری مدد فراہم کریں گے۔

یہ اقدام برمنگھم اینڈ سولی ہل مینٹل ہیلتھ NHS فاؤنڈیشن ٹرسٹ (BSMHFT) اور کریسس ٹیکسٹ لائن ’SHOUT‘ کے اشتراک سے متعارف کروایا گیا ہے۔

ٹرسٹ کی چیف ایگزیکٹو روشین فالن ویلیئمز کا کہنا ہے کہ یہ نئی مقامی سروس ان افراد کے لیے پہلا قدم ثابت ہو سکتی ہے جو اپنے ذہنی مسائل اپنے تک ہی محدود رکھتے ہیں، دوسروں سے براہِ راست بات چیت کرنے سے گھبراتے ہیں یا فون پر مدد کے لیے تیار نہیں ہوتے۔ 

انہوں نے  مزید کہا کہ یہ اقدام نا صرف لوگوں کو ان کی ذہنی صحت پر کنٹرول دینے کا ذریعہ ہے بلکہ یہ NHS کے طویل مدتی منصوبے کا بھی حصہ ہے جس کا مقصد ذہنی مسائل کی شدت کو کم کرنا اور بروقت مدد فراہم کرنا ہے۔

اس سروس کا 4 اگست سے  آغاز کیا گیا ہے اور صارفین کو اس بات کی یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ ان کی بات چیت مکمل طور پر رازداری میں رہے گی اور فون کے بل پر بھی اس کا کوئی ذکر نہیں ہوگا۔

ایسے افراد جو پریشانی، تنہائی، ڈپریشن یا کسی بھی ذہنی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں وہ اس ہیلپ لائن کے ذریعے فوری مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

’SHOUT‘ سروس کی تخلیق کار تنظیم مینٹل ہیلتھ انوویشنز کی ڈائریکٹر آف انکم کیرولین ویسٹلی کا کہنا ہے کہ یہ سروس نا صرف ہیلتھ سروس 111 اور فزیکل سپورٹ پر دباؤ کم کرے گی بلکہ یہ بھی یقینی بنائے گی کہ کوئی بھی فرد ذہنی صحت کے مسئلے کا تنہا سامنا نہ کرے۔

صحت سے مزید